ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / کیرالہ میں طالب علم کے ساتھ ریگنگ، گھنٹوں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہسپتال میں بھرتی

کیرالہ میں طالب علم کے ساتھ ریگنگ، گھنٹوں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہسپتال میں بھرتی

Sun, 18 Dec 2016 21:35:49  SO Admin   S.O. News Service

تریونت پورم، 18دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) کیرالہ کے تری چتر میں 22سال کے طالب علم کو کالج میں مبینہ ریگنگ کے بعد ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔کوٹٹایم سرکاری پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کے طالب علم او ایس اویناش کے گردے کو نقصان پہنچا ہے اور فی الحال وہ کوچی کے ہسپتال میں داخل ہے۔اویناش نے بتایا کہ 2دسمبر کی رات کو ان کے اور ان کے آٹھ ساتھیوں کو کپڑے اتار کر مسلسل پانچ گھنٹے تک مشکل ورزش کرنے کو کہا گیا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اویناش کے گردے پر اثر پڑا ہے۔تری چتر کے مدر اسپتال کے جنرل منیجر ڈاکٹر عبد الشجی بتاتے ہیں کہ زیادہ تھکن کی وجہ سے جسم میں پیدا ہونے والے مایوگلوبن (آکسیجن جمع کرنے والا پروٹین)کی وجہ سے گردے نے کام کرنا بند کر دیا۔ڈاکٹر کے مطابق طالب علم کو چار بار ڈائلائسیز پر رکھا گیا ہے اور اب اس کی حالت بہتر ہے۔اویناش نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ ہم نو طالب علموں کے کپڑے اترواے گئے،ہمیں گھنٹوں تک گلاٹیاں اور سخت ورزش کروائی گئی،ہم میں سے کچھ لوگ گرنے لگے لیکن انہوں نے ہمیں بخشا نہیں،ہم سے کہا گیا کہ زمین پر تیرنے کی ایکٹنگ کرو،ہم میں سے کچھ کو الماری میں بند کر کے زور زور سے گانا گانے کو کہا گیا،یہ سب کچھ مسلسل پانچ گھنٹے تک چلا۔اس رات کے بعد جب اویناش گھر لوٹا تو اس کی حالت بہت خراب تھی اور اسے ہسپتال میں داخل کیا گیا۔اویناش کے والد کو اس کے دوستوں کے ذریعہ 15دسمبر کو ریگنگ کی بات پتہ چلی اور اگلے دن انہوں نے پولیس میں کیس درج کروایا۔اویناش ایک دلت خاندان سے ہے اور ان کی آمدنی بہت ہی محدود ہے۔اویناش کے والد اوپی سواداسن نے بتایا کہ میری چھوٹی موٹی نوکری ہے،میں دوائی کا خرچہ نہیں اٹھا سکتا،قصورواروں کو سزا ملنی چاہئے تاکہ وہ دوبارہ ایسا نہ کریں۔پولیس کے مطابق فی الحال تمام سینئر ملزمین غائب ہیں۔کوٹٹایم پولیس اجیت بتاتے ہیں کہ ملزمان کے گھر کی تلاشی لی جا چکی ہے۔پولیس نے قتل کی کوشش، ریگنگ اور ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
 


Share: